مری (صباح نیوز)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمدنواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے مری میں ملاقات کی۔
برطانوی اداروں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی گئی ہے۔پاکستان اور برطانیہ نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی مہارت سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سمیت مختلف اہم امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پنجاب کے طلبہ کے لیے برطانیہ کی اعلی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم کے حصول کے لیے مواقع بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیاگیا۔
مریم نواز نے پنجاب کی پائیدارترقی کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا جن کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور پولیس اور انتظامیہ کے لیے مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے گورننس کو بہتر بنانا ہے۔بات چیت میں ڈیجیٹل پنجاب کے لیے جاری کوششوں اور صوبے میں سولر پینل کے منصوبوں کی پیشرفت پر بھی بات ہوئی۔مریم نواز شریف نے برطانوی اداروں کو لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی یونیورسٹیوں کے قیام میں برطانوی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔انہوں نے اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، لاہور کا ٹوئن ٹاورز منصوبہ تیزی سے تکمیل کے قریب ہے۔