پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل کے حل کیلئے ایکشن پلان مرتب کیا جائے ، اسحاق ڈار


اسلام آباد (صباح نیوز)نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لئے پیٹرولیم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعت کے مسائل حل کرنے کے لئے ایکشن پلان ترتیب دینے، مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس سے شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر غور کے لئے قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر مقامی اور غیر ملکی ای اینڈ پی کمپنیوں کے سربراہان نے سرکلر قرضے کے بڑھنے کی وجہ سے سیکٹر کی سکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔

کمیٹی کے نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈاؤن سٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لئے نجی کمپنیوں کے لئے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد پیٹرولیم ڈویژن کو صنعت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔

فورم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لئے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔سکیورٹی کے مسائل پر، فورم نے داخلہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ای اینڈ پی کمپنیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے ا قدامات کرے۔

داخلہ ڈویژن کو یہ بھی ذمہ داری دی گئی کہ وہ چیلنجنگ علاقوں میں آپریشنز کے لئے سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر وقف ون ونڈو سہولت کا نظام تیار کرے۔اجلاس میں پیٹرولیم، خزانہ و محصولات اور توانائی کے وزرا سمیت کمیٹی کے دیگر سرکاری و نجی شعبے کے ارکان نے شرکت کی۔