اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائمہ کمیٹی برائے توانائی میں خاتون افسر کے لباس پر اعتراض پر سخت برہمی کا اظہار کرتے اس معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کردی ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر نے کے الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس کے بارے نازیبا ریمارکس کا نوٹس لے لیا۔اپوزیشن رکن اسمبلی اقبال آفریدی کے تبصرے،اعتراض کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ۔اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے حقائق تلاش کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر قانون و انصاف کمیٹی کے سربراہ ہونگے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر،ایم کیوایم کے سید امین الحق، سنی اتحاد کونسل کے ملک محمد عامر ڈوگر اور جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری کمیٹی میں شامل کئے گئے ہیں ۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پارلیمانی پارٹیوں کی 5 خواتین ممبران کو شامل کرنے کی مجاز ہو گی، تحقیقاتی کمیٹی 15 دن میں اسپیکر کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اقبال افریدی نے قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں خاتون افسر کے لباس پر اعتراض کیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سپیکر خواتین کی عزت اور توقیر میں اضافے کے لئے ہر لمحہ کوشاں ہیں، خواتین ارکان اسمبلی کی جانب سے بھی اقبال افریدی کے رویے پر اظہار ناپسندیدگی کیا گیا۔