گورنر پنجاب  نے گولڈ میڈلسٹ ا رشد ندیم کو تحفے میں گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک دے دیا


لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے گولڈ میڈلسٹ ا رشد ندیم کو تحفے میں گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔گورنر ہاؤس لاہور میں سردار سلیم حیدر کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاؤس پہنچنے پر گولڈ میڈلسٹ کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کو تحفے میں گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم حیدر خان نے کہا کہ ارشد ندیم کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی کامیابی پر پوری قوم جشن منا رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے ہر حصے میں ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ مزید ریکارڈ بنائیں گے۔انہونے کہا کہ  ارشد ندیم کی مثال دیگر نوجوانوں کے لیے ایک مشعل راہ ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ پورا پاکستان بہت عزت دے رہا ہے،میں گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے گورنر ہاؤس بلایاگیا،میرے استاد نے مجھ پر بہت محنت کی اور ہم نے جیت حاصل کی،پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہم نے ریکارڈ توڑا،انشاللہ آگے بھی اس طرح محنت کرتا رہوں گا،گورنرپنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پنجاب میں اتنی مہمان نوازی کی جارہی ہے۔