اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی میں پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی نے قائمہ کمیٹی میں ایک خاتوں افسرکے لباس پر ان کی عدم موجودگی میں اعتراض کردیا ۔شرکا کمیٹی کے لباس کے حوالے سے ایس او پیز بنانے کا مطالبہ ۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد ادریس کی زیر صدارت پارلیمینٹ ہاؤس میں ہوا۔وزارت پاور ڈویژن کے حکام نے بجلی کی لاگت و نرخ ،سولر سسٹم بجلی کی ترسیل و متعلقہ کمپنیوں کے کارکردگی سے آگاہ کیاتھا۔کے الیکٹرک کے حکام کو بھی اجلاس میں مدعوکیا گیا تھا۔
کے الیکٹرک کی خاتون افسر جس لباس میں اجلاس میں شریک ہوئی تھی ان کے جانے کے بعد اقبال آفریدی نے ان کے لباس پر اعتراض کردیا تھا اور کہا کہ اس طرح کے لباس میں اجلاس میں شرکت نہیں ہونی چاہیے۔ اقبال آفریدی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آنے کے لئے لباس کے کوئی ایس او پیز(ضابطہ) ہونے چاہیے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال آفریدی نے کہا کہ اگر ایک مہذب معاشرے میں اسی طرح کے لوگ آئیں گے تو بچے کیا کہیں گے؟ یہاں ایک خاتون رکن اسمبلی بھی بیٹھی تھیں، آپ نے ان کا لباس بھی دیکھا، یہاں ڈراموں کے سین نہیں ہوتے جسے معاشرہ دیکھتا ہو۔ اس طرح کے معاملات سے سسٹم، معاشرہ یانظام خراب ہونے کا اندیشہ ہے، میں کسی کے بارے میں بات تو نہیں کرتا لیکن لباس ٹھیک نہیں تھا۔