فیصل آباد(صباح نیوز)سانحہ جڑانوالہ کو ایک سال بیت گیا ”وطن کی مٹی گواہ رہنا” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ندیم ناصرمہمان خصوصی تھے ۔ممبران امن کمیٹی بھی شریک ہوئے ۔۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے انتہائی افسوس ناک سانحہ پیش آیاتاہم حکومت پنجاب سمیت ڈویژنل وضلعی اور پولیس انتظامیہ نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے امن وامان کا قیام یقینی بنایا۔ سانحہ میں متاثرہ خاندانوں کی تیز رفتار آبادکاری اورمتاثرین کو حکومت پنجاب کی طرف سے مالی امداد فراہم کی گئی۔سانحہ میں مثاتر ہونے والے گرجاگھروں کی بحالی مکمل کرائی۔اسی طرح متاثرہ مسیحی خاندانوں کے بچوں کو کتابیں، بیگز، یونیفارم فراہم اور فیسیں اداکرکے دوبارہ سکولوں میں داخل کرایا۔
مسیحی برادری اور تقریب کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں۔ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا لازمی ہے۔ہمیں مل جل کر ساتھ رہنا اور ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنا ہے۔ ضلعی وپولیس انتظامیہ ضلع بھر میں قیام امن کے لئے موثر اقدامات پر عمل پیرا ہے۔تقریب سے سی پی او فیصل آباد نے کہا کہ کسی کو امن میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔ڈپٹی کمشنر ،سی پی او نے مسیحی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی اور کہا کہ امن کے قیام کے لئے ہمیں سب کو ایک پیج پر رہنا ہے۔قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔برداشت،بھائی چارہ، رواداری،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رہنے چاہیں۔علما کرام بھی محراب ومنبر سے باہمی اتحاد واتفاق کا پیغام اجاگرکرتے رہیں۔