اسلام آباد (صباح نیوز)نائب وزیراعظم سینیٹراسحاق ڈار نے لیفٹینٹ جنرل( ر )فیض حمیدکی گرفتاری کے حوالے سے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ ایسے اقدامات ہوئے ہیں ،میں بھی فیض حمید کے متاثرین میں شامل تھا ، فیض حمید نے مجھ سے زیادتی پر معافی مانگی تھی ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سینیٹراسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ کرے ہم بطور قوم سیدھے راستے پر چلیں ،غلط چیزوں کے ہمیشہ سے خلاف ہوں انہیں کنٹرول کیا جانا چاہئے ،گندی سیاست نے اس ملک کا برا حال کردیا ہے ۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ دھرنوں اور گندی سیاست کے نتیجہ میں دنیا کی 24 ویں معشیت 47 نمبر پر آگئی ہم نے بھاری قیمت چکائی اور اب بھی بھگت رہے ہیں ۔
سینیٹر اسحاق ڈارنے کہا کہ سینیٹ کا ایک جوائنٹ سیکرٹری آئی پی یو کے دورے کے دوران اہلخانہ ساتھ لے کر گیا،اور اس جوائنٹ سیکرٹری کی بیوی اور چار بچوں نے سیاسی پناہ لے لی ،پارلیمنٹ کے افسران کو آئندہ ویزہ کے حوالے سے دفترخارجہ کوئی سہولت فراہم نہیں کرے گا ۔وزیرخارجہ نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو ویزوں کے حوالے سے سہولت بدستور فراہم کی جائے گی،ارکان پارلیمنٹ کی فیملی کو بھی سہولت ملے گی دوستوں اور محلے داروں کو نہیں ۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ بیرون ملک سیاسی پناہ لینے والوں کے پاسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس فیصلے سے بہت ہیجانی صورتحال پیدا ہوئی تھی ، یورپی ممالک میں پناہ لینے والے ہزاروں پاکستانی ہیں ،پاسپورٹ پر پابندی سے وہ ہزاروں پاکستانی ملک واپس نہیں آسکتے تھے،بیرون ملک پاکستانیوں کی درخواست پر پناہ لینے والوں کے پاسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔