لاہور(صباح نیوز)مرکزی راہ نما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں شعوری تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے جو بالکل انسانی اور فطری اصولوں کے عین مطابق ہے۔بنگلہ دیش بظاہر ترقی کی راہوں پر گامزن تھا،ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی،کاٹن کی صنعت عروج پر تھی،اس سب کے باوجود عوام الناس میں اضطراب اور بے چینی تھی،ظلم بہر حال مٹ کر رہتا ہے اور انصاف کی فتح ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ معارف اسلامی کراچی میں ہفتہ وار قرآن کلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ انگریز کی معاشی ترقی کے باوجود بنگلہ دیش کی عوام نے قیام پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ذاتی مفاد سے بے غرض ہوکرایک مقصد عظیم کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں،پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے کیونکہ وہ شعور کی بنیاد پر اور غلامی سے نجات چاہتے تھے۔ جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے فکرو تدبر کا مظاہرہ کیا،ایک طویل جدوجہد کے بعد اپنے اہداف حاصل کیے۔حسینہ واجد کا خیال تھا کہ اس کی خدائی قائم رہے گی لیکن اس کے نیچے سے زمین سرک گئی ہے،وقت نے ثابت کیا کہ ہمیشہ حق کی فتح ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پوری صورت حال میں تحریک اسلامی پاکستان کو سیکھنے کی ضرورت ہے۔صبر،تحمل اور تقوی کے ساتھ جدوجہد سے ہی کامیابی ممکن ہے۔