اسلام آباد ( صباح نیوز) جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر ڈی چوک اسلام آباد میںتقریب شجر کاری و عزم نو منعقد کی گئی ، جس میں سینکڑوں مردو خواتین نے شر کت کی ، تقریب کے مہمانان خصوصی نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا اور مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری تھے ۔جماعت اسلامی رہنمائوں نے پودے لگائے اور شہریوں میں بھی درخت تقسیم کیے ۔اس موقع پر میاں محمد اسلم نے کہا پوری قوم کو 78 واں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہو ئے پاکستان کا قیام ایک منفرد بات تھی ایک عظیم فتح تھی ، انسانیت کی موجودہ دو ہزار سالہ تاریخ میں پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے جو خالصتا نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے،نظریہ پاکستان کے بغیر پاکستان ایسے ہی ہے جیسے روح کے بغیر کوئی جسم ہو، قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا پاکستان کا قیام اُسی دن ہو گیا تھا جس دن بر صغیر میں ایک انسان نے کلمہ طیبہ پڑھ لیا تھا،
انھوں نے کہا بد قسمتی سے پاکستان آزاد تو 1947میں ہو گیا تھا مگر ہمیں حقیقی آزادی آج تک نہیں مل سکی ، یہ آزادی صرف ایک لفظ نہیں بلکہ بہت بڑی نعمت ہے جو قومیں اپنی آزادی کی حفاظت نہیں کر سکتی وقت انہیں تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیتا ہے اگر آزادی کی قد ر و قیمت پوچھنی ہو تو کشمیریوں اور فلسطین سے پوچھو ایک صدی گزر گئی لاکھوں افراد کی قربانیاں باوجود انھیں ازادی نہیں مل سکی، میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی ایک آزاد خود مختار ، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے کوشاں ہے ، انشاء اللہ ہم حا فظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ملک کوحقیقی معنو ں میں آزاد ریاست بنائیں گے ۔نصر اللہ رندھاوا نے کہا بدقسمتی سے پاکستان کو کوششوں کے باوجود وہ منزل نہیں ملی جس کی خاطر عظیم جدوجہد کی گئی تھی، اس کے باوجود پاکستان اللہ کابہت بڑا انعام ہے، آزادی کی نعمت کا اندازہ انہی لوگوں سے لگایا جاسکتا ہے جو آزاد نہیں،
ملک کو بے شمار چیلنجز درپیش ہیں، معیشت تباہ حال ہے، مہنگائی،بجلی کے بم، بے روزگاری ہے، لوگوں کا استحصال ہورہا ہے لوٹ مار کرنے والی حکمران اشرافیہ قابض ہے، پاکستان کو لیڈ کرنا تھا ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں۔محمد کاشف چوہدری نے کہا آج پاکستان ستتر برس کا ہوگیا، اٹھہترواں یوم آزادی منارہے ہیں، یہ دن ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اسلامیان برصغیر نے آزادی کے حصول کے لیے پیش کی، یہ دن اس تحریک کی یاد دلاتا ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں شروع ہوئی، ہمیں اپنے بچوں کو یہ سبق یاد دلانا ہوگا۔ پاکستان اس لحاظ سے دنیا کا منفرد خطہ ہے کہ یہ ایک نظریہ کی بنیاد پر ریاست کی شکل میں نمودار ہوا، اس کے حصول کے لیے برصغیر کے ہر خطے سے مسلمانوں نے جدوجہد کی، مقصد یہ تھا کہ ہم انگریزوں اور ہندوؤں کے گٹھ جوڑ اور مظالم سے نجات پاکر اپنی تہذیب، شناخت اور نظریہ کے ساتھ زندگی بسر کریں گے۔