ملک بھر میں 77واں یو م آزادی ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا

 اسلام آباد (صباح نیوز) ملک بھر میں 77واں یو م آزادی ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا ۔ پاکستان کا 77ویں یومِ آزادی پر ملک بھرکی مساجد میں دِن کا آغازقرآن خوانی،ملک و قوم کی سلامتی،خوشحالی، ترقی اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا، تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کے لئے خصوصی طور پرقرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پرشہدائے تحریک پاکستان کوخراج عقیدت اورغازیوں کوخراج تحسین پیش کیاگیا،اس کے علاوہ وطن عزیزکی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا ۔دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سربز پرچموں سے سجایا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔

شہرِ اقتدار اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔یوم آزادی کی تقریب میں وکلا، جج اور پولیس افسران نے پرچم کشائی کی، ضلع کچہری میں پرچم کشائی کے بعد کیک کاٹا گیا۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر احمد حسن تمغہ بسالت نے سرانجام دیئے ۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔جشنِ آزادی کے موقع پر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے مزار قائد پر پھول رکھے اور اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے ۔گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزارقائد پر حاضری دی ، پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی ، کامران ٹیسوری اور مراد علی شاہ نے مزارقائد کے احاطے میں قومی پرچم بھی لہرایا، دونوں رہنمائوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب سرکٹ ہائوس میں منعقد کی گئی۔حیدر آباد کے میئر، کمشنر، ڈی آئی جی سمیت دیگر افسران نے مل کر پرچم کشائی کی۔

نواب شاہ میں کمشنر سیکرٹریٹ میں جشنِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پرچم کشائی تقریب میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی نے کمشنر  سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی ،تقریب کے بعد شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔اسی طرح شکارپور، میرپورخاص، ٹھٹہ، سانگھڑ، بدین، نوشکی، تھر پارکر، سجاول، لاڑکانہ اور میر پور میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھول رکھے ، اس کے علاوہ انہوں نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلی پنجاب نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کے لئے  دعا کی، انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمداقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ مریم نواز نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی۔لاہور میں موٹروے پولیس سینٹرل ریجن میں جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی نے یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اٹک میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر ضلع کونسل آفس کے لان میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر رائو عاطف، ایم این اے شیخ آفتاب احمد شریک ہوئے، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجایا گیا۔لاہور میں یومِ آزادی کے موقع پر واپڈا ہائوس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چوہدری اور ممبر پاور جمیل اختر نے پرچم کشائی کی، یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار قومی پرچم واپڈا ہائوس پر آویزاں کیا گیا۔قومی پرچم کی لمبائی 100فٹ جبکہ چوڑائی 40 فٹ اور وزن 180 کلو گرام تھا۔فیصل آباد میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔راولپنڈی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،

تقریب میں چیف انجینئر علائوالدین خان نے پرچم کشائی کی۔گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، میانوالی ،بھکر، سرگودھا، بہاولپور، بہاولنگر، کمالیہ، ملتان، حافظ آباد، بورے والا، لودھراں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔گورنرہائوس پشاور میں یومِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پرچم کشائی کی، تقریب میں امریکہ ، ایران اور افغانستان کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔ یومِ آزادی پر پشاور ہائی کورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پرچم کشائی کی۔سول سیکرٹریٹ پشاورمیں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب ہوئی، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پرچم کشائی کی۔یوم آزادی کے سلسلے میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار تھے ۔جشنِ آزادی کے موقع پر حب گڈانی کے ساحل پر ایف سی بلوچستان سائوتھ کے زیر اہتمام سینڈ آرٹ کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔بچوں نے ساحل کی ریت پر خوبصورت اور دیدہ زیب ڈیزائن بنائے، سینڈ آرٹ کے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں کو تحائف بھی دیئے گئے۔مظفر آباد میں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ہائی کورٹ گرائونڈ میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔گلگت میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب تاریخی چنار باغ میں منعقد کی گئی۔گورنر اور وزیرِ اعلیٰ نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ استور میں بوائز ماڈل سکول گرائونڈ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مرکزی تقریب میں وزیرِ داخلہ شمس الحق لون کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے شرکت کی۔یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔