اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 14اگست ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔یوم آزادی پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو 77ویں یوم آزادی نے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آج کا دن اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں کے لئے ہمارے عزم کی تجدید کا موقع ہے، آج ہم اپنی تاریخ کے ایک دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ہمیں متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جو ہمارے اجتماعی عزم کا تقاضا کرتے ہیں، غربت کا خاتمہ، جامع ترقی اور سماجی و اقتصادی مساوات کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ معاشی ترقی کے ثمرات کو مساوی طور پر تقسیم کیا جائے، تاکہ ہر پاکستانی کو عزت اور احترام کی زندگی گزارنے کا موقع ملے، ہمیں ایسی ٹھوس پالیسیوں کو مرتب کیا جائے جو شمولیت اور پائیدار ترقی کو فروغ اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے معاشرے کا کوئی بھی طبقہ پیچھے نہ رہے۔ دہشت گردی ہماری سلامتی اور ہمارے طرز زندگی کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہماری حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اپنی صفوں میں اتحاد، یگانگت اور غیرمتزلزل عزم پیدا کر کے ہم نہ صرف ثابت قدم رہ سکتے ہیں بلکہ چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑے مسئلے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ہمیں اس خطرے سے نمٹنے کے لئے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرناہو گا،۔ ان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ قومی یکجہتی بحیثیت قوم ہماری طاقت کا سنگ بنیاد ہے۔ ہمیں اتحاد کے احساس کو فروغ دینے کے لیے کام کرنا چاہیے اور یہ واحد راستہ ہے جس سے ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ ہو۔ آخر میں، جب ہم اس یوم آزادی کا جشن منا رہے ہیں ہمیں یہ یاد رکھنا ہو گا کہ ایک بہتر مستقبل کے لئے عزم اور مشترکہ وژن کے ساتھ، ہم ان رکاوٹوں کو دور کر کے ایک مضبوط، خوشحال اور انصاف پسند پاکستان بنا سکتے ہیں۔ آئیے مل کر اپنی قوم کی بہتری کے لیے کام کرنے کا عہد کریں، تاکہ آنے والی نسلیں امن اور ہم آہنگی سے رہ سکیں۔ پاکستان زندہ باد!