یوم آزادی، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب


کراچی (صباح نیوز)پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

اس سال پاکستان نیول اکیڈمی کے جوان کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لئے ۔ یہ روایت ہر سال 14 اگست کو قائم کی جاتی ہے، جس کے تحت پاک بحریہ کے جوان اور پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس باری باری مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض انجام دیتے ہیں۔

اس سال کی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ، کموڈور محمد خالدتھے جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر احمد حسن تمغہ بسالت نے انجام دیئے ۔اعزازی گارڈز ایک دستہ پاک بحریہ کے تجربہ کار سیلرز پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے مستقبل کے افسران پر مشتمل ہوتا ہے۔

گارڈز کی جانب سے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا گیا جس کے بعد مہمان خصوصی نے گارڈ کی تعیناتی کا حکم دیا۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ کموڈور محمد خالد نے گارڈز تعیناتی کے بعد مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔