اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے غیر رسمی مشاورتی اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز)متحدہ اپوزیشن کے قائدین کے اعزازمیں  سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی کی طرف سے  گزشتہ شب اسلام آباد میں عشائیہ میں دیا گیا ۔ عشائیہ میں سربراہ جے یو آئی  مولانا فضل الرحمن،سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان  محمود خان اچکزئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، مولانا عبدالغفور حیدری،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز،بلوچ قوم پرست رہنما ساجد ترین، امیر العظیم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں صوبوں کی اپوزیشن قیادت ملک بچانے کے لیے متحد ہے ۔قائدین نے واضح کیا ہے کہ  حکومت کو جمہوریت، آئین، اور عوام کے ساتھ مزید کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔  عوام کی قوت اور اتحاد سے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی ۔ تمام سیاسی قائدین نے مستقبل میں تعاون کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔