پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مہمند اور دیگر قبائلی اضلاع میں سیاحت کے فروغ سے نہ صرف غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی بلکہ دنیا ہمارے صوبہ کی مثالی تصویر بھی دیکھ پائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک جوانان پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر اور مہمند چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اکرام الدین کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں وطن اور مٹی سے محبت ہمارے نوجوانوں کے خون میں شامل ہے، ایسے نوجوان قوموں کا سرمایہ ہوتے ہیں میری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں یوتھ انگیجنٹ پر توجہ مبذول کی جائے صوبہ کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے ،کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کو تعلیمی اداروں میں فروغ دیا جائے۔ گورنر نے کہا کہ قیام امن انتہائی ضروری ہے،خیبر پختونخوا میں دنیا بھر کی کشش کے حامل سیاحتی مقامات ہیں، ہمیں دنیا کو انکی جانب متوجہ کرنا ہے جس سے وہاں غربت کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی ۔وفد کے شرکا نے صوبہ کہ ترقی خوشحالی کے لیئے گورنر خیبرپختونخوا کے جذبات کو سراہا اور انہیں اس مشن میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی