بندوق کی نوک پرلئے گئے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے چند بزرگوں کے فیصلے ناقابل قبول ہیں،جہاد کونسل


مظفر آباد :متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ بھارتی بندوق کی نوک پرلئے گئے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے چند بزرگوں کے حالیہ فیصلے ناقابل قبول اور افسوسناک ہیں۔نظر ثانی کی اپیل کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمدنے کی۔

اجلاس میں کہا گیاکہ تحریک آزادی جموں کشمیر کو زندہ رکھنے اور آگے بڑھانے میں اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ جماعت اسلامی کے ہزارہا کارکنوں نے بھی جان و مال کی لا زوال قربانیاں پیش کرکے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ان قربانیوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔حالات کے جبر میں آکر ایسے فیصلوں کی کوئی گنجائش نہیں جن سے ان قربانیوں پر پانی پھر جائے،حریت پسند قوم کو مایوسی لاحق ہوجائے،تحریکی صفوں میں اختلاف و انتشار پیدا ہوجائے اور مودی سرکار کی کشمیر دشمن پالیسیوں اور اقدامات کو تقویت و تائید مل جائے۔قرآن و سنت اور سیرت اسلاف سے یہی سبق ملتا ہے کہ مشکلات و مصائب میں سرینڈر کرنے سے نہیں بلکہ توکل علی اللہ اور عزیمت و استقامت سے کا میابی ملتی ہے۔پسپائی اختیار کرنے کئے جانے کے بعدپسپائیوں کا سلسلہ رکتا نہیں۔ پھر نہ دستور رہتا ہے او نہ نصب العین ۔زعفرانی سامراج کا بنیادی اختلاف ہے ہی اقامت دین کے نصب العین کے ساتھ۔ اس سے دستبردار ہو نے تک اس کی چالبازیاں،مکاریاں اور ظالمانہ کاروائیاں جاری رہیں گی۔

اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ عالمی طاقتوں کی مجرمانہ بے رخی و خاموشی اور بیس کیمپ کی کمزور اور نیم جان کشمیر پالیسیوں نے بھی نہ صرف چار سو مایوسی پھیلائی بلکہ مودی سرکار کے جارحانہ عزائم اور اقدامات کو تقویت بھی پہنچائی۔مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق پاکستان کے عوام اور ارباب اقتدارو اختیار سے اپیل کی جاتی ہے کہ اخلاقی، سفارتی و سیاسی حمایت کے روایتی بیانیہ سے دو قدم آگے کشمیریوں کی بھر پورٹھوس معاونت کرے اور قابض سرکار کے نہتے کشمیریوں پرڈھائے جارہے مظالم کو روکنے کیلئے عالمی اثر و رسوخ استعمال کرے۔ اجلاس میں ہفتہ رفتہ کے شہدا کی بلندی دراجات کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حصول منزل تک پوری قوت سے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی