ڈڈیال (صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ واپڈا آزاد خطے کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراردے،آزاد کشمیرسے 3ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی پیداہوتی ہے اوریہاں کے عوام کی ضرروت صرف 3.50میگاواٹ ہے،حکمران اور بیوروکریسی حالات کا درست تجزیہ نہیں کریں گے تو حالات کسی کے کنڑول نہیں رہیںگے، متاثرین منگلا کے مسائل حل کیے جائیں،منگلااپریزنگ کی وجہ سے جو خاندا ن دوبارہ متاثرہوئے ان کے مسائل حل نہ کرنا باعث شرم ہے،نالائق اور نااہل قیادت ہمارے مسائل کی جڑہے ،جماعت اسلامی عوام کے تعاون سے قوم کو ان نااہل اور نالائق قیادت سے گردنیں آزاد کرائے گی،جماعت اسلامی آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے اپنے دورہ ڈڈیال کے دوران میں کارکنوںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا اس دورے کے دوران میں امیر جماعت نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان کے بھانجے کی وفات پرا ن کے ہاں جاکر اظہار تعزیت کیا اور اپنے پائلٹ مبین کی ہمشیرہ کی شادی میں شرکت کی، کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان ایک ایک فرداور ایک ایک گھرتک دین کی دعوت پہنچائیں،موثر افرادکو جماعت اسلامی شامل کریں،مستقبل اسلامی تحریک کا ہے خاندانوں کی لونڈیاں سیاسی پارٹیاں عوا می مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں،یہ نظام فیل ہوچکاہے یہ اپنی طبعی عمر پوری کرچکاہے ظلم پر مبنی استصحالی نظام نے عوام کے منہ سے دووقت کی روٹی تک چھین لی ہے،تمام تروسائل ہونے کے باوجود عوام غریب سے غریب تر ہورہے ہیں،حکمران اوراشرافیہ امیر سے امیر تر ہورہاہے۔جماعت اسلامی اس ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے ۔