مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد جمو ں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کا بیسواں کانووکیشن رواں ماہ کی 25تاریخ کو کنگ عبداللہ کیمپس میں منعقد ہوگا جس میں جامعہ کشمیرکے مختلف تعلیمی سیشن ہاء کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ڈگریاں عطاء کی جائیں گی
یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق 20ویں کانووکیشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیرصدارت یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس میں مختلف کمیٹیز کے سربراہان کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ،ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق،ایسوسی ایٹ ڈین ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیرالرحمان کنٹھ،ناظم مالیات پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد بشارت،ریزیڈنٹ ڈائریکٹر کنگ عبداللہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف،ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس آفیئرز ڈاکٹر شرجیل سعید،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز اعوان،ڈائریکٹر اسٹیٹ یوسف سلہریا،آفیسر شعبہ امتحانات سید نعیم الحسن گیلانی،آفیسر تعلقات عامہ مبشرنقوی و دیگر شریک ہوئے۔مختلف کمیٹیز کے سربراہان نے وائس چانسلر کو کانووکیشن کے انتظامات کے حوالہ سے اپنی اپنی کمیٹی سے متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ بروقت اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔یاد رہے کہ25جولائی 2024کو منعقدہ کانووکیشن کی ریہرسل مورخہ 24جولائی بروز بدھ کنگ عبداللہ کیمپس میں ہوگی۔ قبل ازیں جن طلباء وطالبات نے کانووکیشن کیلئے فیس فارم جمع کروا رکھے ہیں انہیں دوبارہ فارم جمع کروانے کی ضرورت نہ ہے۔ البتہ جو طلباء طالبات قبل ازیں کانووکیشن کیلئے فارمفیس جمع نہ کروا سکے ہیں وہ اپنے کوائف و دستاویزات کی تکمیل کرتے ہوئے اپنے انٹری فا رم بہر صورت 20جولائی 2024تک ڈِپٹی کنٹرولر امتحانات ،ڈِگری برانچ، شعبہ امتحانات، ایڈ منسٹریشن بلا ک چہلہ کیمپس ، آزادجموں و کشمیر یونیورسٹی ، مظفرآباد، پو سٹ کو ڈ 13100 فون نمبر05822-960477پر ارسال کر یں ۔ کانووکیشن فارم2024، یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے علاوہ یونیورسٹی کے جملہ دفاتر اور تدریسی شعبہ جات میں بھی دستیاب ہونگے۔کانووکیشن میں صدر ریاست،چانسلر جامعہ کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری طلبا و طالبات اور اسکالرز کو گولڈ میڈل اور ڈگریاں عطا کریں گے۔