ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کیلئے رکھا گیا ،بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی (صباح نیوز)بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لئے رکھا گیا ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاہ کوئی راستہ نہیں ، موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ہے، کسی کو اس حکومت پر بھروسہ نہیں رہا، ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے اگر اسٹیبلشمنٹ کو پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے، چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف کے لیے الیکشن کمیشن بھیج رہا ہے تاہم سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کرائے، قاضی فائز عیسی ہمیں کہہ رہا ہے انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کرائے؟ تو کیا چیف جسٹس کو نہیں معلوم ہماری ساری پارٹی انڈر گرائونڈ تھی۔ بانی پی ٹی آئی  نے مزید بتایا کہ امریکی کانگریس کہہ رہی ہے پاکستان میں فراڈ الیکشن ہوئے ہیں، میڈیا کو دبانے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔اس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ شفاف انتخابات کے لئے اسٹیبلشمنٹ سے مخاطب ہیں اس کا مطلب آپ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں؟ سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لئے رکھا گیا ، شفاف الیکشن کے لئے  اسٹیبلشمنٹ کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلے وہ کرتا ہے جس کے پیچھے عوام کھڑی ہو، 2021 میں ملک کا قرضہ 28 کھرب تھا، 4 سال میں ملک کے قرضے 80 سے 90 کھرب تک پہنچ گئے، جس غریب کا 2 ہزار کا بل آتا تھا اب اس کا 10 ہزار بل آتا ہے، ساری اشرافیہ کے پیسے باہر پڑے ہیں۔ سویلین ٹرائلز کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے دریافت کیا کہ کون سی جمہوریت میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائلز ہوتے ہیں؟ مجھے اس طرح ٹریٹ کیا جارہا ہے جیسے میں نے پاکستان میں سب سے بڑی غداری کی ہو، سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہماری انسانی حقوق اور 8 فروری کی پٹیشنز بھی کیوں نہیں سنی جارہی؟۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اخلاقی رویوں پر چلتی ہے، جمہوریت آزادی کا نام ہے، جہاں جمہوریت آزاد ہوتی ہے وہی ملک پرواز کرتا ہے مگر ہمارے ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے۔بھوک ہڑتال سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ میں ضرور بھوک ہڑتال کروں گا، ابھی کچھ فیصلوں کا انتظار ہے۔پرویز خٹک کے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بیان قلمبند کروانے پر بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ کچھ خاص نہیں بولا،اس پر بعد میں جرح کے وقت بات کریں گے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ہمیں انصاف کیلئے الیکشن کمیشن بھیج رہے ہیں۔ سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کروائے۔ قاضی فائز عیسیٰ کہہ رہے ہیں کہ انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کروائے۔ کیا چیف جسٹس کو نہیں معلوم ہماری ساری پارٹی انڈر گرائونڈ تھی۔ سپریم کورٹ میں ہماری انسانی حقوق  اور 8 فروری کی درخواستیں کیوں نہیں سنی جا ر ہیں۔