اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی ایجوکیشنسٹ اور برطانوی وزیراعظم کے ڈیلیوری یونٹ کے سابق سربراہ سر مائیکل باربر کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی ،وفد میں برطانوی فارن، ڈویلپمنٹ اور کامن ویلتھ آفس کی ڈائریکٹر جو موئیر، اور سینئر گورننس ایڈوائزرز نوید عزیز اور میٹ کلینسی شامل تھے ۔
اس موقع پر وزیرعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی دو طرفہ تعلقات ہیں جو کہ دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ،پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،برطانیہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم برطانوی حکومت کے شکر گزار ہیں ، دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا ،حکومت پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے ،تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومتی اخراجات میں کمی کے حوالے سے غیر فعال اداروں کو ختم کیا جا رہا ہے اور ڈائون سائزنگ کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے ،۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔وفد کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ پاکستان سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سے متعلقہ برآمدات کے حوالے سے بے پناہ استعداد ہے ،وفاقی وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے حوالے سے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ۔ مائیکل باربر نے حکومت کے معاشی بحالی کے پلان کی تعریف کی ہے ،
سر مائیکل باربر نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے حوالے سے ٹھیک سمت میں جا رہی ہے ، امید ہے آپ کی موثر قیادت میں پاکستان جلد ہی معاشی مشکلات قابو پانے میں کامیاب ہو گا ،بر برطانیہ پاکستان کو ہر شعبے میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گا ،
وفد نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ہماری ترقی ہے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔