برطانوی انتخابات میں 12 سے زیادہ پاکستانی و کشمیری نژاد امیدوار کامیاب

لندن(صباح نیوز) برطانوی انتخابات میں پاکستانی و کشمیری نژاد 6 خواتین سمیت 12 سے زیادہ مسلمان امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں ، ان امیدواروں میں  ناز شاہ ، یاسمین قریشی، شبانہ محمود، نوشابہ خان،  زہرہ سلطانہ ، روزینا آلن خان، زبیر احمد، افضل خان، عمران حسین، شوکت آدم ، بیرسٹر ایوب خان،محمد یاسین شامل ہیں، ان امیدواروں نے غزہ جنگ کو اپنی انتخابی مہم کا حصہ بنایا تھا، آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے  والی  ناز شاہ بھی برطانوی پارلیمنٹ کی رکن  بن گئی ہیں انہوں نے  اپنی انتخابی مہم میں غزہ کے ساتھ ساتھ کشمیر  کو بھی شامل کیا تھا ان کا کہنا تھا کشمیرکی بیٹی ہوں ، کشمیر کی نمائندگی کرتی تھی اور کرتی رہوں گی ،برطانوی میڈیا کے مطابق غزہ جنگ کو اپنی انتخابی مہم میں شامل کرنے والے آزاد امیدواروں نے کئی بڑے اور مضبوط ناموں کو شکست دی۔

پاکستانی نژاد لیبر پارٹی رکن یاسمین قریشی تیسری مرتبہ بولٹن سے اپنی سیٹ کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئیں۔برمنگھم کے علاقے لیڈی وڈ میں لیبر پارٹی کی   پاکستانی نژاد  شبانہ محمود 15552 ووٹ سے جیت گئیں۔، پاکستانی نژاد امیدوار نوشابہ خان لیبرپارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب قرار پائیں۔گلاسگو کے پاکستانی نژاد امیدوار زبیر احمد بھی لیبرپارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔ برٹش پاکستانی افضل خان بھی سیٹ جیت گئے۔

برمنگھم سے طاہرعلی ایک بار پھر اپنی سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔لیبر کے عمران حسین بھی بریڈفورڈ ایسٹ سے کامیاب قرار پائے جبکہ بیڈفورڈ میں محمد یاسین اپنی نشست پر کامیاب ہوئے۔ کوونٹری ساوتھ سے لیبرپارٹی کی   زہرہ سلطانہ الیکشن جیت گئیں۔، زہرہ سلطانہ نے 20361 ووٹ حاصل کیے ہیں، ان کے مقابلے میں کنزرویٹو پارٹی کے میٹی ہیون نے 10160 ووٹ حاصل کر سکے۔زہرہ سلطانہ کو فلسطین کے حق میں مہم چلانے اور پارلیمنٹ میں ووٹ دینے کی وجہ سے بھرپور تنقید کا سامنا رہا لیکن لوگوں نے ان پر پھرپور اعتماد کرکا اظہار کرتے ہوئے کامیاب کروایا۔لندن ٹوٹنگ سے لیبرپارٹی کی روزینا آلن خان کامیاب ہوئیں جبکہ بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر رہنما پاکستانی نژاد ناز شاہ جیت گئیں۔

اس موقعے پر انکا کہنا تھا کہ کشمیرکی بیٹی ہوں ، کشمیر کی نمائندگی کرتی تھی اور کرتی رہوں گی، ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق 2021 کی مردم شماری میں انگلینڈ اور ویلز میں مسلمانوں کی آبادی کی شرح 6.5 فیصد تھی۔ اسکاٹ لینڈ میں مسلمانوں کی آبادی ایک لاکھ 19 ہزار 872 ہے، جو مجموعی آبادی کا 2.2 فیصد بنتی ہے۔ برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈ فورڈ جیسے شہروں کا شمار برطانیہ کے ان علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں مسلمان ووٹروں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔خیال رہے کہ رواں برس جو پارلیمان تحلیل کی گئی، اس میں مسلم اراکین کی تعداد 19 تھی۔ امکان ہے کہ منتخب ہونے والے دارالعوام کے نئے ارکان میں مسلمان سیاستدانوں کی تعداد اور زیادہ ہوجائے گی۔