بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین بلوچستان میں سکول کھانا پروگرام پر اشتراک

اسلام آباد(صباح نیوز)سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی )، عامر علی احمد نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں  وزارت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے سیکرٹری جناب محی الدین وانی کے  ہمراہ  ایک اہم اجلاس  کی صدارت کی۔  اجلاس کا مقصد  وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق  سکول  کھانا پروگرام پر عملدرآمد  و حالیہ پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لینا تھا ۔ ڈبلیو ایف پی کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ کوکو اوشیاما بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھیں  جس میں  بلوچستان سے ڈبلیو ایف پی کی نمائندہ ڈاکٹر فاریہ احسن نے بھی  شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن بلوچستان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

سیشن میں بی آئی ایس پی ڈیٹا بیس کو استعمال کرتے ہوئے بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کے 500 پبلک سیکٹر اسکولوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت کے تحت School Meal Programme  کی کارکردگی پر توجہ مرکوز کی گئی ۔اجلاس میں School Meal Programme پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور عمل درآمد کے منصوبے میں کردار اور ذمہ داریوں کی وضاحت کے لیے اگلے ہفتے ایک فالو اپ میٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ سیشن کو بتایا گیا کہ  پروگرام  کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور بلوچستان حکومت نے ڈبلیو ایف پی اور بی آئی ایس پی کے ساتھ مل کر بلوچستان میں 500 سکولوں کی فہرست  تشکیل دے دی ہے۔