کسٹم اور ان لینڈ ریونیو کے گریڈ 20 کے 27 افسران  کا تبادلہ ، تحقیقات  شروع


کراچی (صباح نیوز)وزیر اعظم ہاؤس کی ہدایت پر ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو اور کسٹم کے گریڈ 20 کے 27 افسران کو ایڈمن پول میں تبادلہ کردیا گیا ،مذکورہ افسران کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردی گئیں ۔

دو ماہ قبل ایف بی آر کے ماتحت شعبوں میں تعینات گریڈ 21 اور گریڈ 22 کے افسران کے خلاف مختلف شکایات اور بے ضابطگیوں پر تحقیقات کا عمل شروع ہوگیا تھا جس پر کسٹم اور ان لینڈ ریونیو کے افسران چیئرمین ایف بی آر کے سامنے احتجاج بھی کیا تھا

تاہم دوسری جانب اس عمل کو وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے وفاقی بجٹ کے پیش ہونے اور اس کے اسمبلی سے منظور ہونے تک موخر کیا گیا تھا اور گزشتہ ہفتہ وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد کسٹم کے 11 اور ان لینڈ ریونیو کے 16 گریڈ 20 کے افسران کا ایڈمن پول تبادلہ کرکے ان کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کردی گئی ۔

حساس اداروں نے ان افسران کی فیلڈ رپورٹس کے حوالے سے منفی سرگرمیوں کی نشاندہی کی ہے اور ان افسران کے علاہ گریڈ 19 اور گریڈ 18 کے افسران کی بھی ایک فہرست موجود ہے ان افسران کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کا امکان ہے۔