ترکی، پاکستان، ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، الجزائر اور قطر مل کر فلسطینیوں کی عملی مدد کریں۔حافظ نعیم الرحمن

 اسلام آباد(صبا ح نیوز)ترکی، پاکستان، ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، الجزائر اور قطر مل کر فلسطینیوں کی عملی مدد کریں۔ اہل غزہ کو مالی، انسانی اور عسکری امداد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بدھ کواسلام آباد میں ترک سفیر مہمت پچاجی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطینیوں کو اپنے دفاع کے حق سے محروم کیا گیا ہے۔ مسلمان ممالک کو آگے بڑھ کر اہل غزہ کے دفاع کا فرض ادا کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ  پاکستان اور ترکی دو ممالک اور ایک قوم ہیں، ترکی اور پاکستان کے تعلقات مثالی ہیں، دونوں ممالک کو باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیے اور اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے چاہییں۔مہمت پچاجی نے کہا کہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمان ممالک کو خود کو اقتصادی لحاظ سے مضبوط اور سیاسی لحاظ سے مستحکم بنانا ہو گا،  دشمن طاقتیں مسلمانوں کو داخلی طور سے منتشر اور فقر کا شکار بنانا چاہتی ہیں