جمرود،دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ،2اہلکار شہید


جمرود(صباح نیوز)جمرود میں دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں2اہلکار شہید ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے حملہ خیبر کے علاقے جمرود میں تختہ بیگ میں واقع پولیس اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ پر کیا گیا۔چیک پوسٹ پر موجود پولیس اور ایف سی کے شیردل جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اور ایف سی کے 2 جوان زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جو دوران علاج دم توڑ گئے ۔

حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ڈی پی او خیبرسلیم عباس کے مطابق حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ایف سی کے جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے، پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔