امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کیلئے کام کرے،غیر ضروی مداخلت قابل قبول نہیں،ترجمان دفترخارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں غیر ضروری مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں، امریکی کانگریس کو پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیئے،پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے، افغانستان یقینی بنائے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں، پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے امریکی کانگریس نے زمینی حقائق کو جانے بغیر قرارداد منظور کی۔ امریکا سے ہمارے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات ایک طویل عرصے پر محیط ہے۔ ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دینے کی پالیسی پر کاربند رہا جائے تو تعلقات بہتر رہتے ہیں۔ امریکی کانگریس کو پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہئیے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے قرارداد پاکستان کے داخلی امور میں غیر ضروری مداخلت ہے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر رکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان نے امریکا کو اپنے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام اور عدم مداخلت پر مبنی گہرے تعلقات کا عزم کیے ہوئے ہے، بڑی افسوسناک بات ہے کہ امریکی کانگریس نے اس قرارداد کو منظور کیا، اس قرارداد کے بارے میں پاکستان کی طرف سے امریکا کو بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں اسحاق ڈار نے رواں ہفتے خارجہ پالیسی کے اہم نکات بیان کیے، نائب وزیراعظم نے چین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا جبکہ نائب وزیراعظم نے فلسطین اورکشمیرکے جاری تنازعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جمہوری حقوق کی عدم فراہمی پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند ہونا چاہیے، پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان یقینی بنائے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے رضوان سعید کو واشنگٹن میں نیا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عاصم افتخار کو نیویارک اقوام متحدہ میں پاکستان کا ایڈیشنل مستقل مندوب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عاصم افتخار مناسب وقت پر مستقل مندوب کا عہدہ سنبھالیں گے، تقرریوں کا اعلان معمول کے مطابق ہے، تعیناتیاں متعدد ہفتوں سے زیر غور تھیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان اٹھارہویں اسٹریٹیجک مذاکرات 26 جون کو ہوئے۔ دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان غزہ سے اسرائیلی فورسز کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتا ہے۔ فلسطین پر اقوام متحدہ کی انکوائری رپورٹ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔ وقت ہے کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔