علی امین گنڈاپور ادارے کو عزت نہیں دے رہے، چیف الیکشن کمشنر


اسلام آباد(صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور ادارے کو عزت نہیں دے رہے ہیں، ضابطہ اخلاق کے معاملے پر نرمی کی تو پھر تو الیکشن ہی نہیں ہوسکتے،ڈیرہ اسماعیل خان کیس کو مثال بنائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے بلدیاتی انتخابات میں علی امین گنڈاپور کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سماعت ہوئی۔وفاقی وزیر کے وکیل نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کو کورونا ہے، اس لیے وہ پیش نہیں ہوسکتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس پر کہا کہ علی امین گنڈاپور نے کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور پر نہ اثر ہورہا ہے، نہ ادارے کی عزت کررہے ہیں، خلاف ورزی ہوتی رہے تو ضابطہ اخلاق بنانے کا کیا فائدہ ہوگا؟

چیف الیکشن کمشنر نے واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ ضابطہ اخلاق کے معاملے پر نرمی کی تو پھر تو الیکشن ہی نہیں ہوسکتے۔انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کیس کو مثال بنانے کے عزم کا اظہارکیا اور کیس کی مزید سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔