این ڈی ایم اے نے عیدالاضحی کے دوران پیشگی تیاری اور حفاظتی اقدامات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں


اسلام آباد(صباح نیوز)عیدالاضحی کے دوران پیشگی تیاری اور حفاظتی اقدامات کے لیے این ڈی ایم اے نے گائیڈ لائنز جاری کردیں، اوسط درجہ حرارت سے زیادہ گرم ہونے کی پیش گوئی کی روشنی میں  عیدالاضحی کی تعطیلات  کے دوران آندھی/گرج چمک کیساتھ بارش متوقع، جس میں 22 جون تک توسیع کا امکان ہے۔  لہذا، عوام کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔  اس سلسلے میں این ڈی ایم اے کے جاری کردہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں ۔ سیاحتی رہنما خطوط اور چیک لسٹ این ڈی ایم اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

مزید برآں، این ڈی ایم نے  گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ پر “PAK-NDMA Disaster Alert” ایپلی کیشن اجرا کر دیا ہے۔ عوام کو  تازہ ترین الرٹس، ہدایات اور خطرے سے متعلق مخصوص معلومات فراہم کرنے کے لیے ایپ متعارف کروائی گئی ہے۔   محکمہ موسمیات/  نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی پیشن گوئی کے مطابق وسٹرلی موسمی نظام کی وجہ سے خیبرپختونخوا، گلگت، آزاد جموں و کشمیر، جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، آندھی اور گرد آلود ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کے پی، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان  میں  بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ ممکنہ خطرے کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے  صوبائی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری کو یقینی بنانے، مشینری اور عملے کو خطرے سے دو چار علاقوں میں پہلے سے تعینات کرنے کی ہدایات کر دی ہیں ۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ احتیاط برتیں، کمزور ڈھانچے اور آبی گزرگاہوں  کے نزدیک سے گزرنے گریز کریں اور عید کی چھٹیوں میں شمالی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔ کسان، مویشیوں کے مالکان، سیاح اور مسافر  اپنی حفاظت اور املاک کے لیے حفاظتی ضروری اقدامات کریں۔  مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری پیشگی ہدایات پر عمل کریں۔