جنوبی کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا


سری نگر: قابض بھارتی انتظامیہ نے سالانہ ہندو امرناتھ یاترا سے قبل پورے مقبوضہ علاقے خاص طور پر جنوبی کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے اور پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے ، اہم شاہراہوں پر مزید چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور ناکے لگائے گئے ہیں ۔

اسلام آباد، کولگام، گاندربل اور سری نگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں فورسز کو مزید چوکس کر دیا گیا ہے ، فورسز اہلکار گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لے رہے ہیں۔بھارتی حکومت نے یاتریوں کے تحفظ کے نام پر علاقے میں اضافے فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کی منظور دی ہے۔فوجیوں، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، ایس او جی اور ایس ایس بی اہلکاروں کو جدید اسلحے اور آلات سے لیس کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ مودی حکومت نے کشمیری مسلمانوں کے مذہبی حق بھی سلب کر رکھے ہیں۔ انہیں جمعہ اور عیدیں کی نمازوں کی ادائیگی سے روکا جا رہا ہے جبکہ وہ امرناتھ یاتریوںکو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے۔