سری نگر— جموں کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(ڈی ایف پی) نے بھارت پر زور دیاہے کہ وہ حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے پرامن اور مستقل حل کے لیے ماحول کو سازگار بنائے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموںو کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بارے میں کئی قراردادیں پاس کی ہیں لیکن بھارت نے انکا یہ حق طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو فوجی طاقت کے بل پر نہیں بلکہ کشمیریوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان بامعنی بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں زمینی حقائق تبدیل نہیں کر سکتیں اور کشمیری اپنے مقصد کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ زمینی حقیقت کو تسلیم کرے اور کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دے ۔