راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموںوکشمیر گلگت بلتستان کے مرکزی نائب امیر چیئرمین سیاسی امور کمیٹی انجینئر خالد خان اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان راجہ جہانگیر خان نے مشترکہ طورپر کہاہے کہ جماعت اسلامی ریاست کے آزا دخطوں سے ظلم پر مبنی استحصالی نظام کو ختم کرکے اس کے جگہ اللہ کادیاہوا نظام عدل قائم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ، انسانوں کے بنائے ہوئے نظام فیل ہوچکے ہیں اور اللہ نے اپنے بندوں کے لیے جو نظام دیاہے وہی انسانوں کو فلاح دے سکتاہے،موروثی جماعتیں اور نالائق قیادت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہیں،
ان خیالات کااظہارانھوں نے کوٹلی ،سدھنوتی باغ اور راولاکوٹ دورے کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ان اجلاسوںمیں سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے،ان موقعوں پر خطاب کرتے ہوئے انجینئر خالد خان اور راجہ جہانگیر خا ن نے کہاکہ جماعت اسلامی سیاسی مذہبی جماعت ہے جمہوریت پر یقین رکھتی ہے رائے عامہ منظم کرکے حقیقی تبدیلی لانا چاہتی ہے،جماعت اسلامی کے قائدین نے ہدایت کی ہے کہ ہر حلقہ انتخاب میں 5ہزار سے زائد ممبربنائے جائیں،گراس روٹ لیول پر تنظیم قائم کی جائے، ،موثر افراد کو جماعت اسلامی میں شامل کیاجائے،عوامی مسائل کی ترجمانی ہر سطح پر کی جائے ، جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کے مسائل حل کررہی ہے 21ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے بیواؤں کی کفالت کررہی ہے ،پینے کاصاف پانی فراہم کررہی ہے ،صحت کی سہولت فراہم کررہی ہے تحریک آزادی کشمیرمیں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اب اگر عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تو جماعت اسلامی عوامی مسائل حل کرے گی۔