کراچی(صباح نیوز)عدالت نے انسانی سمگلنگ اور دھوکا دہی کے کیس میں گرفتار سماجی کارکن صارم برنی کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی ۔سٹی کورٹ کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں صارم برنی کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور دھوکا دہی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے صارم برنی کی درخواست ضمانت پر وکلا اور ایف آئی اے کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔دورانِ سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف مزید ثبوت جمع کرنے ہیں، ملزم کو ضمانت دی گئی تو وہ تفتیش پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
ملزم مسلسل جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے، تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ بچی کی والدہ کا بیان ہے کہ بیٹی لینے کے لئے صارم برنی سے رابطہ کیا گیا لیکن صارم برنی نے والدہ کو بچی دینے سے انکار کردیا۔بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور دھوکا دہی کیس میں گرفتار سماجی کارکن صارم برنی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔خیال رہے کہ 5 جون کو صارم برنی امریکی حکومت کی شکایت پر انسانی سمگلنگ کے الزام میں کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیے گئے تھے۔