محمد نواز شریف سے مسلم لیگ ن کے ارکان سینٹ کی ملاقات

مری (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف سے مسلم لیگ ن کے ارکان سینٹ نے  ملاقات کی جو ڈھائی گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہی  نوازشریف نے دوران اجلاس شاہد خاقان عباسی کی جمہوریت کے لیے خدمات کو سراہا ۔ مری میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر، سینیٹر عرفان صدیقی ، سینیٹر افنان اللہ خان ،سینیٹر ناصر بٹ اور سینیٹر سعدیہ عباسی سمیت دیگر سینیٹرز نے شرکت کی ۔ نوازشریف نے مسلم لیگ ن کے نئے سینیٹرز کو بھی مبارکباد پیش کی۔

سیدال خان ناصر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ  نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں جمہوریت اور آئین کے لیے نوازشریف کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ،نوازشریف نے عوام کے حق حکمرانی کی بحالی کے لیے بے پناہ صعوبتیں برداشت کیں ۔سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی اجلاس میں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن پہلے سے مضبوط پارٹی بن کر ابھرے گی ۔ذرائع کے مطابق سینیٹر سعدیہ عباسی کے اجلاس میں آنے پر نواز شریف نے ان کا کھڑے ہوکر استقبال کیا نوازشریف نے دوران اجلاس شاہد خاقان عباسی کی جمہوریت کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی میں مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے ۔ نوازشریف نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہا۔

نوازشریف نے وزیراعظم شہبازشریف کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ  شہبازشریف اور مریم نواز عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق  نوازشریف نے ارکان سینیٹ کو آگاہ کیا کہ مسلم لیگ ن کو متحرک اور فعال بنانے کے لیے ملک گیر دوروں کا فیصلہ پارٹی کو فعال بنانے کے لئے چاروں صوبوں کا دورہ کروں گا ۔ سینیٹر افنان اللہ خان نے سندھ میں مسلم لیگ ن کو فعال بنانے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی تجویز دی  نوازشریف نے کہا کہ وہ جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔پارٹی صدر نے کہا کہ سندھ میں بھی مسلم لیگ ن کی مضبوطی پر توجہ دی جائے گی۔