کے الیکٹرک کیلئے بجلی 9روپے 98پیسے فی یونٹ مہنگی،نوٹیفکیشن جاری


کراچی(صباح نیوز)کراچی کے شہریوں کے لئے بجلی 9روپے 98پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق بجلی 9ماہ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی، کے الیکٹرک صارفین سے جون تا ستمبر اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو جون میں 2روپے 67پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جبکہ جولائی میں 3روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔کے الیکٹرک صارفین کو اگست میں 3روپے 22پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جبکہ ستمبر میں 99پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے اکتوبر 2023 تا مارچ 2024 کے لئے درخواست دی تھی۔