نیویارک،اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن گیا۔پاکستان کے غیر مستقل رکن بننے کی ووٹنگ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں ہوئی۔پاکستان کی غیر مستقل رکنیت کیلئے 182 ملکوں نے حمایت کی، پاکستان 2025 سے 2026 کیلئے رکن منتخب ہوا ہے۔پاکستان سے پہلے ایشیا پیسفک گروپ کی نشست جاپان کے پاس تھی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سال 2025-26 کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر انتخاب پر مسرت کا اظہار اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یقینا یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے ، 182 ووٹ لے کر اقوام متحدہ کا 2025-26 کے لیے رکن منتخب ہونا امن اور سلامتی کے لیے ہماری قوم کے عزم کا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے،ہم اقوام عالم کے درمیان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کا سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ،
علاو ہ ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 182 ووٹوں کی زبردست حمایت کے ساتھ 2025 اور 2026 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔جمعرات کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تہنیتی پیغام میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنگ کی روک تھام اور امن کو فروغ دینے کے اقوام متحدہ کے چارٹر کے وژن کے ساتھ اپنی وابستگی کو برقرار رکھنے، عالمی خوشحالی اور انسانی حقوق کے عالمی احترام کو فروغ دینے کا منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس موقع پر وزارت خارجہ، اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن اور بیرون ملک پاکستان کے تمام مشنز کی جانب سے بہترین مہم اور ٹیم ورک کی تعریف کی ۔۔