غزہ(صباح نیوز) اسرائیلی فوج کے غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول اور دیگر علاقوں پر حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت70سے زائد فلسطینی شہیداور درجنوںزخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے نصیرت کیمپ میں واقع اقوام متحدہ کے سکول میں پناہ لیے ہوئے فلسطینیوں پرفضائی حملہ کردیا جس سے 32افراد شہید ہوگئے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے سکول پر حملہ کیا، فضائی حملے کے نتیجے میں عمارت میں پناہ لیے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 32فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے سکول میں موجود حماس کے جنگجوؤںکو نشانہ بنایا۔اقوام متحدہ کے مطابق الاقصی اسپتال میں سینکڑوں مریض لائے جا رہے ہیں جن میں اکثریت جھلسنے، ہڈیاں ٹوٹنے، یا دھار دار چیز سے شدید زخمی ہونے والے افراد کی ہے۔
دوسری جانب غزہ سرکاری میڈیا کے ترجمان نے اسرائیلی وضاحت کو مسترد کردیا اور کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں پر حملوں کا جواز پیش کرنے کے لیے من گھڑت کہانیاں بنا رہا ہے۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں امداد کی رسائی پر اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے جولائی میں 10لاکھ سے زیادہ فلسطینی بدترین بھوک کا شکار ہوسکتے ہیں۔غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دروان 115سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا بتاناہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 36 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 82 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔