دیامر،چلاس،داریل(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت داریل کو ضلع کا درجہ دے،متاثرین دیامر ڈیم کے مسائل فوری حل کیے جائیں،ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے،چلاس داریل اور تانگیر میں صحت ،معیاری تعلیم اور انفراسٹریکچر کی سہولت ناپید ہے۔حکومت عیاشیوں پر قومی خزانہ اڑانے کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔حکومت پاکستان، گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر طرز کا نظام حکومت فراہم کرے۔گلگت بلتستان کی حکومت کو بااختیار اور باوقار بنائے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلاس اور داریل میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری ،سیکرٹری جنرل نوید اللہ ،عنایت الرحمان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،داریل میں سینکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ 76برس بیت گئے مگر باریاں لگا لگا کر ہمارے حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے آپ کو مضبوط کیا ، عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں عوام ان کو مسترد کریں جماعت اسلامی پر اعتماد کریں جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرنے کا پورا ایجنڈا رکھتی ہے.
انہوں نے کہا کہ ریاست کے دونوں آزاد خطوں کو باہم مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنائیںگے۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی ہم پر قرض ہے۔6لاکھ کشمیریوں کی شہادتیں رنگ لائیں گی اور کشمیر آزاد ہو گا۔انہوںنے کہا ہے کشمیری وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے سیاسی اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کی ہے اور جب تک یہ حقوق یہاں کے عوام کو مل نہیں جاتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔