سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈو عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آج جب دنیا بھر میں جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بڑی تعداد میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق اور بچوں کے تحفظ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی نہ صرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں جنگی ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین دہائیوں میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں متعدد بچوں کے والدین کو جعلی مقابلوں اور جیلوں میں بے دردی سے شہید کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری بچوں پر تشدد، ظلم بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جسے بھارتی فورسز کے اہلکار انجام دے رہے ہیں۔