فیصل آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے مشیرسیاسی وعوامی امور راناثنااللہ نے کہاہے کہ جیل میں بیٹھے بانی پی ٹی آئی اوراُس کے ٹولے کاجاری سیاسی کردارخطرناک ہے،ملک کوسیاسی استحکام سے پہلے معاشی استحکام کی ضرورت ہے، حکومت کافی حدتک کامیاب ہوچکی ہے۔غریب عوام کاسب سے بڑااوراہم مسئلہ روٹی ہے ، گندم اورآٹے کی قیمت50فیصدسے زیادہ کم ہوچکی ہے جبکہ روزمرہ کی تمام اشیاء غریب عوام کی پہنچ تک آگئی ہیں۔وزیراعظم میاں شہبازشریف نے جس طرح سعودیہ سمیت دیگردوست ممالک کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کاعمل شروع کیاہے اس سے اُمیدہے آئی ایم ایف سے ہمیشہ کے لئے نجات مل جائے گی۔
”صباح نیوز” سے گفتگوکرتے ہوئے اُن کاکہناتھاکہ 8فروری کے الیکشن میں صرف مہنگائی کے مسئلہ کی وجہ سے پی ٹی آئی کوووٹ ملے حالانکہ اُس کا پونے چارسالہ دوراقتدارمیں ملک اورقوم کی بہتری کے لئے کوئی کردارنہیں۔پی ٹی آئی کے دورحکومت میں ہونے والے14حلقوں کے ضمنی الیکشن میں اُسے صرف ڈسکہ کی ایک سیٹ سے کامیابی ملی اور13سے بری طرح ہارگئی۔ہم ڈیڑھ سال حکومت کرنے کی بجائے عام انتخابات کی طرف چلے جاتے توپی ٹی آئی کا کوئی اُمیدواربھی کامیاب نہیں ہوسکتاتھاتاہم حکومت نہ لیتے توملک ڈیفالٹ ہوجاتا جسے ہم نے سیاسی نقصان کاسامناکرکے بچالیا۔