قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے ارشاد عارف کو صدر کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز  منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ قائد حزب اختلافنے سی پی این ای کے دیگر  نو منتخب اراکین کو بھی  مبارک باد دی ہے ۔ اپنے تہنیتی پیغام میں عمر ایوب نے سی پی این ای کے  نومنتخب عہدیداران کے  لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔

انھوں نے کہا ہے کہ ارشاد عارف کی صحافت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں،امید ہے کہ نو منتخب عہدے داران ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ  کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے نو منتخب اراکین ملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ کے لیے کوششیں کریں،امید کرتا ہوں کہ نو منتخب عہدے داران ملک میں اخبارات اور صحافت کے شعبے کی ترقی کے لیے کوشش کریں گے،ملک میں جمہوری اقدار اور اخلاقیات کے فروغ کے لیے میڈیا مثبت کردار ادا کریں گے۔

عمر ایوب خان  نے کہا کہ آزاد صحافت ملکی ترقی، جمہوریت کے فروغ اور احتساب کیلئے ناگزیر ہے، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے اراکین ملک میں آئین کے تحفظ اور قانون کی بالادستی سمیت عوام میں سماجی موضوعات پر آگاہی پیدا کریں۔