پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم کرکے بجلی کے فی یونٹ میں ہوشربا اضافے کرنا قابل مذمت ہے.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت ایک طرف کسی چیز کی قیمت معمولی کم کرتی ہے تو دوسری جانب کسی اور چیز کی قیمت بڑھا دیتی ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم کرکے بجلی کے فی یونٹ میں ہوشربا اضافے کرنا قابل مذمت ہے ۔ عوام کو ریلیف کے نام پر گمراہ کیا جا رہا ہے ۔حکمرانوں کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں،عوام کو ریلیف کے نام پر لالی پاپ دیا جا رہا ہے ، کچن کینبٹ کے فیصلے اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے ۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکمرانوں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ رواں سال ترقیاتی بجٹ کا صرف51فیصد استعمال کیا جا سکا ہے ۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس قابلیت ، اہلیت،صلاحیت کے ساتھ ساتھ ترجیحات کی کمی اور وژن کا فقدان ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ادارے میں اور شعبہ میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے ،جب تک حکومت اداروں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالے گی اور چور راستوں کو بند نہیں کرے گی اس وقت تک اداروں کو درپیش مسائل، خسارے اور کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ  مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔

ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے ۔ ملک چوروں  لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے ۔مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے مجموعی قرض 64ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ مقامی قرضوں کا بوجھ 24 فیصد اضافے کے بعد39ہزار 792 ارب روپے ہو چکا ہے صرف ایک سال کے دوران حکومت نے 14ہزار 394 ارب روپے کا قرض حاصل کیا