لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے تحت مختلف شعبوں کی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے پسماندہ آبادی میں فری میڈیکل کیمپ لگایا اور مریضوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔تفصیلات کے مطابق ٹیم میں گائنی،جگر و معدہ،جنرل فزیشنز اور آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر شامل تھیں۔جنہوں نے لاہور کی پسماندہ ترین علاقہ ستوکتلہ میں سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا جن میں جگر ،معدہ اور گائنی کی بڑی تعداد شامل تھی۔مریض خواتین و بچوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کے علاوہ بعض مریضوں کو ہسپتال بھی ریفر کیا گیا۔ڈاکٹروں نے شدید گرمی سے بچاؤ سے متعلق مریضوں کی رہنمائی بھی کی گئی۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ پاکستان کی سیکرٹری جنرل صباء ثاقب و دیگر ذمہ داران کرن مبشر انچارج ہیلتھ سروسز، ، غزالہ صدیقی نائب شعبہ تنظیم صوبہ وسطی پنجاب، ناصر محمود اور یونس گجر بھی موجود تھے۔صباء ثاقب کا کہنا تھا کہ اس پسماندہ علاقہ میں فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام شدید گرمی کے پیش نظر خصوصی طور پر کیا گیا تاکہ خواتین اور معصوم بچوں کو گھر کی دہلیز پر علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ معززین علاقہ اور لوگوں کے اصرار پر علاقہ میں آئندہ بھی فری میڈیکل کیمپوں کا اہتمام کیا جائے گا۔فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں خواتین و بچوں نے گائنی، آئی شپیشلسٹ اور جنرل فزیشنز سے معائنہ کروایا اور الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا ۔