ملک میں گرمی کی لہر جاری، کئی علاقوں میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا


لاہور(صباح نیوز)ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری ہے ، پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئے۔ لاہور سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ کراچی میں 42 ڈگری کی گرمی محسوس کی گئی ۔جنوبی سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر جاری ہے، سیکڑوں افراد ہیٹ سٹروک کا شکار بھی ہوئے ، حیدر آباد سمیت جنوبی سندھ کے بیشتر اضلاع ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جہاں سورج آگ برسا تارہا اور پارہ 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ شدید گرمی کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ، راہ چلتے سیکڑوں افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہوئے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں خصوصا مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض احتیاط برتیں کیونکہ گرمی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ، دوسری طرف بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے بھی ملک بھر میں عوام کو بے حال کر دیا ہے۔ادھر گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔وادی کشمیر میں موسم خوش گوار ہے اور موسم سے لطف اٹھانے کے لئے  سیاحوں کی آمد جاری ہے۔