وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کے منتظر ہیں، ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ(صباح نیوز)چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے بے تابی سے منتظر ہیں اور اسے زیادہ سے زیادہ مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے جمعہ کودارالحکومت بیجنگ میں اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ دورہ چین پاکستان سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دے گا اور نئے دور میں مشترکہ مقدر رکھنے والی قریبی کمیونٹی کی تعمیر کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژا لیجی وزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کرے گی اور چین پاکستان تعلقات کے مستقبل کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر منصوبہ بندی کرے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف گوانگ ڈونگ اور شانشی صوبوں کا بھی دورہ کریں گے۔چینی ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ وقت سٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست ہیں۔ چین پاکستان دوستی کوہ تائیشان کی طرح مضبوط اور مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کے درمیان اعلی سطح کے قریبی تبادلے ہوئے ہیں اور دوطرفہ عملی تعاون بڑھ رہا ہے جس کے نتیجہ خیز نتائج چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کی اعلی معیار کی تعمیر کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔ دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں بہتر رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے چینی ہم منصب لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔