ابھی نندن کے معاملے پرڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کوفون کیا تھا، فواد چوہدری کا بڑا انکشاف

اسلا م آباد(صباح نیوز)سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ابھی نندن کے معاملے پر ڈونلڈٹرمپ نے بانی پی ٹی آئی کوفون کیا تھا۔ سابق صدر ٹرمپ نے تناو کم کرنے کا کہا تھا۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سابق صدر ٹرمپ نے ابھی نندن کے معاملے پرعمران خان کو فون کیا تھا ۔اور تناو کو کم کرنے کا کہا تھا ۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ بحران بھارت نے شروع کیا ہے لیکن اس کو مزید نہ بڑھایا جائے ۔فواد چوہدری نے بتایا کہ صدر ٹرمپ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں صحیح رائے نہیں رکھتے تھے۔ کیونکہ مودی کا زبردستی گلے لگنا انگریزپسند نہیں کرتے۔ وہ مودی کو ایک احمق آدمی سمجھتے تھے۔ اور وہ انکا مذاق اڑاتے تھے۔سابق وزیراطلاعات نے بتایا کہ نریندرمودی نے مسئلہ کے حل کاموقع ضائع کیا کیونکہ عمران خان تعلقات بہتر کرناچاہتے تھے،

تعلقات بہترہونے سے پاکستان اوربھارت دونوں کوفائدہ ہوگا لیکن زیادہ فائدہ بھارت کوہوگا، ہم بھارت سے تعلقات برابری کی بنیادپرچاہتے ہیں لیکن ہرجگہ انتہاپسندوں کی سوچ ایک جیسی ہوتی ہے۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے بابری مسجد کو شہید کیا ، پھر دبئی میں مندر کا افتتاح کیا اور اب اورنگزیب عالم گیر کی مسجد گرا رہے ہیں لیکن ہمارے کسی مسلم ممالک مذمت نہ کی الٹا مندر کا افتتاح کروایا جا رہا ہے۔