لاہور(صباح نیوز)کسانوں سے گندم نہ خریدنے اور باردانہ نہ دینے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے حکومت پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے وکیل فرحت چانڈیو کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ حکومت نے 3 ہزار 9 سو روپے من گندم خریداری کے لیے پالیسی جاری کی، 22 اپریل سے کسانوں سے گندم خریداری شروع کرنا تھی لیکن حکومت نے اپنی پالیسی کے مطابق کسانوں سے گندم نہیں خریدی۔
درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو فوری سرکاری ریٹ پر کسانوں سے گندم خریدنے کا حکم دے، کسانوں کو باردانہ فراہم کرنے کا بھی حکم دے۔دلائل سننے کے بعد کسانوں سے گندم نہ خریدنے اور باردانہ نہ دینے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے حکومت پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔