قائم مقام صدر ،وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات کا طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس


اسلام آباد (صباح نیوز) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی ، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے ٹی وی، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے ممتاز اداکار طلعت حسین کی وفات پر اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے ۔

قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے معروف اداکارطلعت حسین کے انتقال پر گہرے دکھ وغم کا اظہار کیا ہے ،مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کیلئے گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم طلعت حسین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ طلعت حسین ایک لیجنڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا، طلعت حسین نے اپنی اداکاری سے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی، ٹیلی وژن، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلعت حسین کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا اسے کبھی پر نہیں کیا جا سکے گا ۔

اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، طلعت حسین ایک منفرد فنکار تھے جنہوں نے اپنی آواز اور اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلعت حسین نے لندن چینل فور کی مشہور زمانہ سیریز ٹریفک میں لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کیا۔طلعت حسین نے مقبول ٹی وی ڈراموں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، مرحوم ایک حقیقی استاد تھے، ان کی وفات سے فنون لطیفہ کی دنیا ایک عظیم فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ طلعت حسین ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ادھروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ناموراداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی مریم نوازنے طلعت حسین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے طلعت حسین کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے، مریم نواز شریف نے کہا کہ طلعت حسین فن اداکاری میں اپنی مثال آپ تھے۔

واضح رہے کہ اداکار طلعت حسین صحت کی خرابی کے باعث کافی عرصے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے انتقال کی تصدیق اہل خانہ کی جانب سیبھی کر دی گئی ہے۔ معروف اداکارطلعت حسین کچھ عرصہ سے ذہنی بیماری ڈیمنشیا کا شکار تھے اور انہیں سینے میں بھی انفیکشن تھا۔