اسلام آباد (صباح نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے فلسطین کو اقوم متحدہ جنرل اسمبلی کی رکنیت دینے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار چین کے دورے پر بیجنگ میں ہیں، جہاں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ چین پاکستان آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ اور پاک چین تعلقات کو خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد قرار دیا اور نائب وزیر اعظم اسحق ڈار نے جموں و کشمیر کے تنازع پر چین کے اصولی موقف کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا ؤ پر پاکستان اور برطانیہ کے مذاکرات کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر محمد کامران اختر اور ڈائریکٹر کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس برطانیہ سفیر سٹیفن للی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔مذاکرات کے دوران ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلا سے متعلق موضوعات پر بات چیت ہوئی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کو اقوم متحدہ جنرل اسمبلی کی رکنیت دینے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی،غزہ میں فلسطینی حملوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پاکستان فلسطین کی اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت سے متعلق جنرل اسمبلی کی قرار داد کا خیر مقدم کرتا ہے۔۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلومین کے خاندان آج بھی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ہزاروں کشمیری خواتین اپنے شوہروں کا آج بھی انتظار کر رہی ہیں جن کو مبینہ طور پر بھارتی فوج قتل کر چکی ہے،
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار 20 سے 21 مئی قازقستان کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام اسحق پاکستان کا دورہ کریں گے۔