اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، مزید 63 فلسطینی شہید ، تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی


غزہ (صباح نیوز) اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں مزید 63 فلسطینی شہید ہو گئے ،شہدا کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

اسرائیلی فوج نے شمالی، وسطی اور جنوبی غزہ کے کچھ حصوں میں رات بھر گولہ باری کی، اسرائیلی فوج نے کہا کہ جیٹ طیاروں نے گزشتہ روز غزہ کی پٹی میں 150 سے زیادہ حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ رفح میں کویتی ہسپتال کے ترجمان کے مطابق اسے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 شہدا ء کی لاشیں موصول ہوئی ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 63 افراد شہید ہوئے غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 35 ہزار 34 ہو گئی جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

علاوہ ازیں رفح کے مشرقی حصے پر اسرائیلی بمباری کے باعث تین لاکھ کے قریب پناہ گزین علاقے سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔