اسلام آباد (صباح نیوز)صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر نے اس بات پر زور دیا کہ آزادکشمیر میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد جموں و کشمیر کے مسائل بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کریں
صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔وفد نے صدر کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔صدر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے،موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کروں گا
صدر مملکت نے کہا کہ صحت، تعلیم، سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ صدر کا دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زوردیا۔ صدر مملکت نے آزاد جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے پولیس اہلکار کی افسوسناک ہلاکت پر تعزیت کا بھی اظہار کیا صدر نے حالیہ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے