اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
ایکس پروزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لکھا ہے کہ بدقسمتی سے افراتفری اور اختلاف کے حالات میں ہمیشہ کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو سیاسی پوائنٹ سکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔ بحث مباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہیں لیکن قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لکھا ہے کہ میں نے صورت حال پرآزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے بات کی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ ن کے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایکشن کمیٹی کے رہنماں سے بات کریں۔ میں تمام جماعتوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنے مطالبات کے حل کے لیے پرامن طریقہ کار کا سہارا لیں۔ امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔